اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر راجا طاہر نواز نے پارٹی کے انٹرا انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی ہے۔
راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکریٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ہفتہ (2 دسمبر) کو ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی کے دیگر تمام عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔
پی ٹی آئی کے مخالفین انٹرا پارٹی انتخابات پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اسے الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن قرار دے رہے ہیں، مرکزی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن ناقص اور دھاندلی زدہ انٹرا پارٹی انتخابات کا نوٹس لے۔
بعدازاں پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں سے ایک اکبر ایس بابر پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے۔



















