Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میجر شبیر شریف شہید کا 52واں یوم شہادت؛ افواج پاکستان کا خراج عقیدت

پاک فوج کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے میجر شبیر شریف شہید کے 52ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران میجر شبیر شریف کو سلیمانکی ہیڈ ورکس کے قریب ایک بلند جگہ پر قبضہ کرنے کا حکم دیا گیا اور اس پوزیشن کا دفاع ہندوستانی انفنٹری کر رہی تھی جسے ٹینکوں کے ایک سکواڈرن کی حمایت حاصل تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس محاذ پر میجر شبیر شریف نے43بھارتی فوجیوں کو ہلاک جبکہ4ٹینکوں کو تباہ کر کے علاقے پر قبضہ کیا،  میجر شبیر شریف اور ان کے ساتھیوں نے دشمن کی دو بٹالین کے جوابی حملوں کو بھی پسپا کیا

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ میجر شبیر شریف کی جرأت اور بہادری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تعداد نہیں بلکہ ایمان، لگن اور ہمت قوموں کو فتح سے ہمکنار کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بِلا شُبہ میجر شبیر شریف شہید کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں اور پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

متعلقہ خبریں