استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی مفاد قربان کر کے ذاتی مفاد حاصل کرنے والا لیڈر کبھی قوم کے ساتھ سچا نہیں ہو سکتا۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس بنا بنا کر سوشل میڈیا ٹرینڈ سیٹ کرنے والوں کا اپنا مائنڈ سیٹ عیاں ہو گیا ہے، اس “مائنڈ” کو “سیٹ” کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ ملک مخالف مائنڈ سیٹ نہ بن سکے، جعلی اکاؤنٹس بیرونی امداد کی ایک شکل ہے جسے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کیا گیا، ملکی مفاد قربان کر کے ذاتی مفاد حاصل کرنے والا کبھی قوم کا سچا لیڈر نہیں ہو سکتا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدت میں خدمت کا صلہ پانے والی خاتون اول نے سابق وزیر اعظم کو ذہنی مفلوج بنائے رکھا، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی، اس کے مخالف ایسے عیاں ہوتے رہیں گے، استحکام پاکستان پارٹی ایسے تمام اکاؤنٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی پی ان اکاؤنٹس پر ہونے والی ملک مخالف سرگرمیوں کی بھی پر زور مذمت کرتی ہے، ملک کو خوشحال کرنے والوں اور ملک کو بدحال کرنے والوں میں فرق واضح ہو چکا ہے۔



















