Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انسداد پولیو کے حوالے سے اگلے سال کا ہنگامی پلان تیار کیا جائے، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے حوالے سے اگلے سال کا ہنگامی پلان تیار کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اہم جائزہ اجلاس ہوا جس کے دوران وزیر اعظم نے حالیہ رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ہائے رسک زون میں خصوصی پولیو ہیلتھ کیمپس قائم کیے گئے ہیں، بنوں لکی مروت اور ٹانک کی ولنرایبل علاقوں کے قریب پولیو ہیلتھ کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں، انسداد پولیو کی حالیہ مہمات میں اب تک 44 ملین بچوں کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔ پنجاب بلوچستان گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر پولیو فری ہیں، جنوبی خیبرپختونخوا کی چند یونین کونسلز پولیو سے زیادہ متاثرہ ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کے عمل میں پشاور نوشہرہ اور چمن کے ریپیٹری ایشن مراکز میں پولیو ٹیمز خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ ہمارے لئے لمحہء فکریہ ہے کہ پوری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن پاکستان اور افغانستان میں یہ وائرس اب بھی موجود ہے، انسداد پولیو کے حوالے سے اگلے سال کا ہنگامی پلان تیار کیا جائے، ہائے رسک علاقوں میں انجیکٹیبل پولیو ویکسین کو معمول کے امیونآیزیشن پروگرام سے منسلک کیا جائے، پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے نگرانی کا نظام مزید بہتر بنایا جائے اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جائے، آئی پی وی کے حوالے سے ورلڈ بیسٹ پریکٹسز اور تحقیق کی روشنی میں لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معمول کے امیونآئیزیشن پروگرام کو فعال کیا جائے، پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے عالمی برادری اور ترقیاتی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں، کآپ 28 کے دوران بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین بچوں کی صحت نشونما اور مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے، بچوں کے محفوظ اور صحتمند مستقبل کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو انسداد پو لیو مہم میں کردار ادا کرنا چائیے، انسداد پولیو میں علماء کے اہم کردار پر علماء کنونشن کا انعقاد کیا جائے۔

متعلقہ خبریں