چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شانگلہ میں نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دینے جا رہا ہوں، ہمیں مزدوروں کو انکی محنت کا صلہ دلوانا ہے، ہم کسانوں کو انکی فصل کی قیمت دلوائیں گے، میں نے تمام سیاستدانوں کو قریب سے دیکھا ہے، کوئی ایسا سیاستدان نہیں ہے جس کے ہاتھ صاف ہوں، انیس سال سے سیاست کر رہا ہوں میرے ہاتھ صاف ہیں، اپنی جیب کے بجائے عوام کی جیب بھرنا چاہتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے ہاتھوں پر نہ عوام کا خون ہے اور نہ ہی کرپشن کا کوئی داغ ہے، انکی سیاست اس چیز کی ہے کہ اپنی جیب کیسے بھرنی ہے، میں ملک کے سفید پوش طالبعلموں سے مدد مانگتا ہوں، پیپلز پارٹی دکھائے گی کہ کیسے ملک کی قسمت تبدیل کرتے ہیں، ملک میں کوئی سیاستدان نہیں جسے کہوں کہ میرا مخالف ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت اور مہنگائی سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اس ملک کے عام آدمی کی آواز بننا ہے، ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی، پیپلز پارٹی کو گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، ملک میں مہنگائی غربت اور بیروزگاری میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایک طرف نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے، دوسری طرف ملک کے معاشی حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔



















