عام انتخابات کے شیڈول کے حوالے سے اہم خبر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا، پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، شفاف، پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا، چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کرکے پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں،عوام کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے ، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔



















