Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمیں یقین ہے ن لیگ آئندہ حکومت بنانے جارہی ہے، رانا ثناء اللہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے ن لیگ آئندہ حکومت بنانے جارہی ہے۔

سابق وفاق وزیر رانا ثناء اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں پارلیمانی ٹیم کے انتخاب کے لئے اجلاس جاری ہیں، کل بلوچستان اور اس سے ایک روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے دو ڈویژنز کے امیدواروں پر غور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زیادہ امیدواروں کی وجہ سے ڈویژنز کے حساب سے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کو ہر حلقے میں اوسطاً 6 سے 8 امیدوار دستیاب ہیں، ہم سب کا احترام کرتے ہیں لیکن ہر حلقے سے صرف ایک امیدوار ہی الیکشن لڑ سکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جھنگ کا ضلع 2018 میں ہمارے نکتہ نظر سے خالی تھا، آج ہم نے اس ضلع کو مکمل کیا ہے، ان میں سے کچھ لوگ ہمارے ساتھ تعاون کر رہے تھے لیکن آج وہ باضابطہ مسلم لیگ ن میں شامل ہو رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم نے بڑی جرات سے حالات کا مقابلہ کیا ہے اور اس کے بدلے میں آج ہم مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں، نواز شریف نے عہد کیا کہ ہم ملک کو معاشی بحران سے نکال کر دکھائیں گے اور کسی نے ایسا وعدہ تک نہیں کیا، ہم پہلے بھی ایسا کر کے دکھا چکے ہیں، مسلم لیگ ن کے پاس تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں الیکشن کے انعقاد میں کوئی شک نہیں ہے، ہم دن رات الیکشن کی تیاریاں کر رہے ہیں، ہم الیکشن کے لئے مکمل تیار ہیں، مسلم لیگ ن آئین کے مطابق 8 فروری 2024 کو الیکشن چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 18ویں ترمیم کی بنیاد پر سیاسی نعرہ بنانے کی کوشش میں ہیں، وہ چھوٹے صوبوں کو مغالطے میں ڈالنا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آ کر صوبوں کے اختیارات کم کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارے خیال میں صوبوں کے اختیارات میں اضافہ تو ہو سکتا ہے لیکن کمی نہیں ہو سکتی، مسلم لیگ ن کے منشور میں یہ بات شامل ہو گی کہ وفاقی یونٹس کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنایا جائے، ہم اتنا ضرور چاہتے ہیں کپ اختیارات صوبائی دارالحکومتوں سے نیچے اضلاع اود مزید نیچے کی سطح تک بھی جائیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر ہمیں مکمل اتفاق نہیں اور ان کی اپیلیں بھی زیادہ تر نہیں سنی گئیں، جیسی بھی حلقہ بندیاں ہوئیں، ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سندھ کا دورہ ابھی شیڈول نہیں ہوا لیکن وہ جلد جائیں گے، آصف علی زرداری سے ملاقات بھی ابھی طے نہیں ہوئی ہے، ہم گوہر خان سمیت سب پارٹی سربراہوں کا احترام کرینگے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان یا ان کی جماعت نے کبھی بھی صدر مملکت بننے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا، جب وہ ہم سے بات کرینگے تو دیکھ لیں گے۔

متعلقہ خبریں