گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نےکہا ہے کہ ہم سب نے مل کر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کے لئے اپنا بھر پور طریقے سے کردار ادا کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ایکسپو سینٹر لاہور میں لائف سٹائل گروپ کے زیر اہتمام 81ویں پاکستان لائف سٹائل اینڈفرنیچر ایکسپو کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو، زہرہ فیصل، حمزہ رحمان، شاہد محمود اورنرمین حمزہ سمیت پاکستان بھر سے آئے ہوئے فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ افراد موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان لائف اسٹائل ایکسپو اور پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کے 81 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب ملک کے شاندار ثقافتی ورثے اور متحرک صنعت کو ظاہر کرتی ہے۔
محمد بلیغ الرحمان نے یہ بھی کہا کہ فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ افراد اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شراکت داری کو فروغ دیں اور اس شعبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، اس نمائش سے فرنیچر انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار چاہے چھوٹا ہو یا بڑا ، سب کاروبار معیشت کی ترقی میں بہت اہم ہیں، اس نمائش سے ملکی معیشت کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت میں ترقی اور توسیع کے امکانات کو اجاگر کرنے کی ضروت ہے، فرنیچر کی صنعت سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ مقامی کاروبارکرنے والوں اور سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم سب نے مل کرملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کے لئے اپنا بھر پور طریقے سے کردار ادا کرنا ہے۔



















