نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ میں جنوبی ایشیا کے لوگوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی خواہش کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے39 ویں سارک چارٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ8 دسمبر1985 وہ دن ہے جب وژن اور دور اندیشی کے حامل رہنماؤں نے سارک چارٹر کو اپنایا اور جنوبی ایشیا کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سارک میں جنوبی ایشیائی خطے میں رہنے والے دو ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کے لئے ایک ٹھوس فریم ورک فراہم کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سارک کے ایک بانی رکن ملک کے طور پر تنظیم کے مقاصد کے لئے مسلسل اپنی وابستگی ظاہر کرتا ہے اور اس نے سارک کے عمل اور سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی اور علاقائی ترقی کے لئے علاقائی تعاون کی طاقت اور صلاحیت پر پختہ یقین رکھتا ہے، سارک کے چارٹر کے مطابق نتیجہ پر مبنی علاقائی تعاون صرف خود مختار مساوات اور باہمی احترام کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انوار الحق نے سارک کے عمل میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تنظیم کے ہموار کام کی راہ میں حائل موجودہ رکاوٹوں کو دور کردیا جائے گا، اس طرح سارک کے رکن ممالک باہمی طور پر فائدہ مند علاقائی تعاون کی راہ پر آگے بڑھنے کے قابل ہو جائیں گے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ میں جنوبی ایشیا کے لوگوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی خواہش کرتا ہوں، آئیے ہم جنوبی ایشیا اور باقی دنیا کے فائدے کے لئے اپنے خطے کی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔



















