عبدالغفور حیدری نےکہا ہے کہ الیکشن سے قبل ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے اور بلوچستان میں آئے روز فورسز پر حملے ہورہے ہیں جبکہ جے یو آئی کی قیادت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر تین خودکش حملے ہوچکے ہیں اسی طرح مجھ سمیت ہماری دیگر قیادت پر حملے کئے گئے اور متعدد رہنما و کارکنان شہید ہوئے ، جب امن نہیں ہوگا تو الیکشن مہم کیسے چلائی جائے گی اور ووٹر کیسے اپنا ووٹ استعمال کرسکے گا۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے سمیت جہاں ضرورت ہوئی وہاں مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ نگران حکومت جانبداری کی صورت میں شفاف الیکشن کیسے ممکن ہے، ہمارا شروع سے یہی مطالبہ رہا ہے الیکشن صاف شفاف کرائیں جائیں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے منتخب ہوسکیں نہ کہ ایسے یتیم لوگ ملک پر مسلط کئے جائیں جو مسائل کا سبب بنیں۔
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں عام انتخابات ابہام کا شکار ہیں، الیکشن کمیشن اگر 8 فروری کو انتخابات کرانا چاہتی ہے تو شیڈول کا اعلان کرے۔



















