Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ریاست مخالف تقاریر کیس پر مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔

لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب مریم اورنگزیب نے عدالت میں حاضری سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہونگے، ن لیگ الیکشن کیلئے تیار ہے، نواز شریف کو 7 سال بعد انصاف مل رہا ہے، سربراہ پی ٹی آئی ریاستی دہشتگردی کے احکامات دیتے تھے، ہم نے نام ہی پیٹرول بم کا انکی توسط سے سنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے دن دیہاڑے ریاستی دہشتگردی انکی ہی دیکھی تھی، میں نے کسی جج سے ایسی کوئی گفتگو نہیں کی، میں نے ریاست کے خلاف کوئی ایسا کام نہیں کیا اسی لیے آج پیش ہوئی ہوں، سائفر والے حساس معاملے پر کھیل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کو دہشتگرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے، شہدا کے مجسمے سڑکوں پر پھینکے گئے، اسپتال اسکول مساجد جلائی گئیں، پاکستان کے دوستوں کو ناراض کیا گیا، خود ڈاکے ڈالتے رہے، نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، ملک نواز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج سربراہ پی ٹی آئی کو مہنگائی کا نہیں عوام کو سامنا ہے، کہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ واپس آگیا، رقم تو قومی خزانے میں آنی تھی، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کا پیسہ سربراہ پی ٹی آئی کی جیب میں آیا، کہتے ہیں 9 مئی کا واقعہ نواز شریف نے کرایا ہے، کیا نواز شریف آپکی بہنوں اور بھانجے کو ہدایت دے رہے تھے، کیا جناح ہاؤس کو جلانے کی ہدایت نواز شریف نے دی تھی۔

متعلقہ خبریں