چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت آج بھی پیپلز پارٹی مالاکنڈ ڈویژن کی سب سے بڑی سیاسی حقیقت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وڈی گرام میں سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی زمین خان کی رہائش گاہ پہنچے اور 2013 کی انتخابی مہم میں شہید ہونے والے پی پی پی امیدوار ظاہر شاہ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو الیکشن ہروانے کے لئے ہمارے امیدواروں کو انتخابی مہم میں قتل اور اغوا کیا گیا، ظاہر شاہ لوئر دیر کا ایک بہادر جیالا تھا جسے شہید کر کے مالاکنڈ ڈویژن میں پی پی پی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی مالاکنڈ ڈویژن کی سب سے بڑی سیاسی حقیقت ہے۔



















