Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات میں تاخیر کی خبروں پر الیکشن کمیشن کی تردید

الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق درخواست پر مشاورت کی خبروں کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی مشاورت سے متعلق نجی اخبار کی خبر کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستوں کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن اعلان کر چکا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ سپریم کورٹ میں 11 فروری کی تاریخ سامنے آئی تاہم صدر سے مشاورت کے بعد 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا۔

قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات آٹھ فروری کو کرائے جائیں گے جس کا الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب آئندہ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق اہم ترین معاملہ طے ہوگیا، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی، ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں مکمل کی گئیں۔

اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ  چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا، پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی، حلقہ بندیاں شائع ہوچکی ہیں باقی سب کچھ اپنے وقت پر ہوگا، ہم سب کچھ اپنے وقت سے پہلے کررہے ہیں، الیکشن شیڈول، آر آوز اور ڈی آر آوز کی تعیناتی بھی وقت پر ہوگی۔

بعدازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں تاہم الیکشن کے اعلان مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں