سربراہ ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عملی جدوجہد کے ذریعے ہی حقوق کا حصول ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منا لینے سے حقوق نہیں ملیں گے بلکہ عملی جدوجہد کے ذریعے ہی حقوق کا حصول ممکن ہو گا، انسانی حقوق کی فراہمی کے بغیر کسی مہذب معاشرے کی تشکیل کا تصور دیوانے کا خواب ہے، آج کے جدید دور میں بھی کشمیر اور غزہ سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، دنیا کی عظیم طاقتوں کی جانب سے اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام نہیں کی جائے گی تو مظلوم کہاں جائیں گے؟
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اگر ہم پاکستان میں انسانی حقوق کی مکمل فراہمی یقینی بنائیں تو امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کیلئے ایک ماڈل بن سکتے ہیں، پابندی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ خود کئی مسائل کی آماجگاہ ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کی آسان فراہمی یقینی بنائے، ایم کیو ایم پاکستان دنیا اور بلخصوص پاکستان میں انسانی حقوق سے محروم تمام افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔



















