Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت اور بیروزگاری سے ہے،بلاول بھٹو

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نےکہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت اور بیروزگاری سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے غلام حسین پارک میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلے ورکر کنوشن کا آغاز گوجرانوالہ سے کر رہے ہیں ، پیپلزپارٹی الیکشن سے نہیں ڈرتی اگر کسی وجہ سے میاں نواز شریف نے الیکشن کو آگے لیجانے کی کوشش کی تو میں عوام کے ساتھ ملکر جدوجہد کر کے الیکشن کروائیں گے، پاکستان پیپلز پا رٹی کے جیا لے دما دم مست قلندر کر کے میدان میں نکلیں، جیت تیر کی ہوگی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ معاشی مسائل کا حل بھٹو کے نظریئے میں ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے بلکہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت اور بیروزگاری سے ہے، جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت بنتی ہے لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں اور عوام کو روزگار دینا ہمارا نعرہ نہیں تاریخ ہیں، نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں لیکر گھوم رہے ہیں لیکن انہیں روزگار نہیں مل رہا، نوجوان پی پی پی کو منتخب کریں ہماری ذمہ داری ہوگی ان کو روزگار فراہم کرنے کی۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پی پی پی بے نظیر انکم سپورٹ لیکر آئی جس سے غریب عورتوں کو مالی مدد مل رہی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دوگنا کریں گے  اور خواتین کو سہولتیں فراہم کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں سیلا ب متاثرہ گھرانوں کیلئے20 لا کھ گھر بنا رہی ہے، پی پی پی کا اپنی زمین اور خواتین کو مالکا نہ حقوق دلوا رہے ہیں ،پنجاب میں جن کے پاس گھر نہیں ان کیلئے گھر بنا ئیں گے۔

بلاول بھٹو نےکہا کہ پی پی پی کی حکومت آئیگی تومزدوروں کو بے نظیرمزدور کارڈ دیں گے ،مزدور کارڈ سے علاج ،تعلیم اور پنشن اور ما لی مدد فراہم کریں گے جبکہ پیپلز پا رٹی کی حکومت جب بھی بنتی ہے تو کسان کارڈ کے ذریعے انکو مدد فراہم کر یں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اشرافیہ کی سبسڈی بند کر کے عوام کو دیں گے ، پرانے سیا ستدانوں کے فیصلوں کا بوجھ نوجوان کو اٹھا نا پڑتا ہے،نوجوان تعلیم حاصل کرتے ہیں، ڈگریاں لینے کے باجوود انہیں دھکے کھانے پڑتے ہیں، نوجوانوں جو روزگار کی تلاش میں ہیں ان کو یوتھ کا رڈ کے ذریعے ایک سال کیلئے ان کو مالی مدد پہنچائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں جیل ،نیب کی نہیں عوام کی فکر ہے جو غربت مہنگائی میں ڈوبے ہوئے ہیں، طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں، انشاءاللہ پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے پرانے سیاستدان سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سر چشمہ کہیں اور ہے 8 فروری کو عوام اپنی مرضی سے ووٹ دیکر اپنی مرضی کی حکو مت بنا ئیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کا فیصلہ ن لیگ پر چھوڑتے تو 8 فروری کو الیکشن نہ ہوتے، جسٹس فائز عیسی نے 8 فروری کو الیکشن کا کہا ہے ،عوام سرپرائز دے کہ رائیونڈ کو ہمیشہ یاد رہے، پانچویں بار حکومت کے خواہشمندوں سے عوام پوچھیں تین دفعہ خود ،چوتھی بار بھا ئی کو وزیراعظم بنا کر ناکام رہے اب پا نچویں مر تبہ وزیراعظم بن کر کون سا تیر ماریں گے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ یہ آزاد ملک ہے، شہید بھٹو کے جیالے ہیں ہم الیکشن لڑیں گے اور کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ کسی کو پانچویں یا دسویں بار وزیر اعظم بنا دے ، اگر یہ پانچویں بار بھی وزیراعظم بنا تو اپنی انا اور پرانی سیاست کی وجہ سے انہی لوگوں سے لڑ کر باہر آئیں گااور کہے گا مجھے کیوں نکالا۔

متعلقہ خبریں