Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت غیر جانبداری سے آئینی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے، نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ

نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ نگران سندھ حکومت غیر جانبداری سے آئینی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے نگران صوبائی وزیرِ اطلاعات، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے بحیثیت وزیر محمد احمد شاہ کی کارکردگی کو سراہا۔

ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کو محمد احمد شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ ایک وزیر کی پریس کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے محکموں کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز کی آج کی ملاقات میں کچے میں جرائم کے خلاف تیز ترین آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بحیثیت وزیر اپنی ذمہ داریوں کو پوری قوت سے ادا کروں گا۔

اس موقع پر نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ مختصر وقت میں بحیثیت وزیر آپ کی کارکردگی قابل ستائش ہے، نگران سندھ حکومت کی کارکردگی اور شفافیت کو اجاگر کیا جائے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ اطلاعات ، اقلیتی امور اور سماجی تحفظ کے محکموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ نگران سندھ حکومت غیر جانبداری سے آئینی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے، جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری میں مدد کیلئے 50 لاکھ روپے ھیڈ منی کے نوٹیفیکیشن کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

نگران وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے جائیں جبکہ صوبے اور ملک کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے اپنے تجربے کی روشنی میں محکموں کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں