Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا نواں اجلاس: گوجرانوالہ سے پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز جاری

مسلم لیگ (ن) پارلیمانی بورڈ کا نواں اجلاس جاری ہے جس میں گوجرانوالہ سے پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی بورڈ کا نواں اجلاس آج پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ہو رہا ہے جس میں قائد خود تمام لیگی امیدواروں سے ملاقاتیں کر کے ان کے انٹرویوز لے رہے ہیں۔

آج ہونے والے اجلاس میں صوبہ پنجاب کے گوجرانوالہ ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں؛ ڈویژن کے ساتوں اضلاع گجرات، منڈی بہاوالدین، وزیرآباد، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ کے امیدواروں کے انٹرویو ہو رہے ہیں۔

گوجرانوالہ ڈویژن سے قومی اسمبلی کی مجموعی طور پر کل 20 نشستیں ہیں جن میں ضلع گجرات کی 4، ضلع وزیرآباد اور ضلع حافظ آباد کی ایک ایک، ضلع منڈی بہاوالدین کی 2، ضلع سیالکوٹ کی 5، ضلع نارووال کی 2 اور ضلع گوجرانوالہ کی 5 نشستیں جبکہ پنجاب اسمبلی کی مجموعی طور پر کل 44 نشستیں ہیں جن میں ضلع گجرات کی 8، ضلع وزیرآباد کی 2، ضلع حافظ آباد کی 3، ضلع منڈی بہاوالدین کی 4، ضلع سیالکوٹ کی 10، ضلع نارووال کی 5 اور ضلع گوجرانوالہ کی 12 نشستیں ہیں۔

آج گوجرانوالہ ڈویژن سے مجموعی طور پر قومی اسمبلی کی 20 جبکہ پنجاب اسمبلی کی 44 نشستوں پر امیدواروں کے ناموں پر حتمی غور کیا جا رہا ہے۔

آج کے اجلاس میں گجرات میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت لیگی و اتحادی امیدواروں کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مریم نواز اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہیں۔

واضح رہے کہ پارلیمانی بورڈ 2 دسمبر سے اب تک سرگودھا ڈویژن، ڈسٹرکٹ راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، صوبہ بلوچستان، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، خانیوال، وہاڑی، لودھراں اور ملتان سے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔

متعلقہ خبریں