استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے قومی اسمبلی کی 15 نشستوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے استحکام پاکستان پارٹی اور جے یو آئی ف کے ساتھ مذاکرات میں آئی پی پی نے قومی اسمبلی کی 15، صوبائی اسمبلی کی 40 نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لیے قومی اسمبلی کی پانچ سے سات اور صوبائی اسمبلی کی بیس سے زیادہ نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ ممکن نہیں، استحکام پاکستان پارٹی جنوبی پنجاب کے علاوہ وسطی پنجاب میں بھی نشستیں مانگ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اب تک مذاکرات کے تین ادوار میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی، استحکام پاکستان پارٹی نے اپنی نشستوں کے حوالے سے فہرست ن لیگ کو دے دی ہے۔
ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں جے یو آئی ف نے بھی قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ مانگی، جے یو آئی ف صوبائی اسمبلی کی دس نشستوں پر بھی ایڈجسٹمنٹ چاہتی، ہمارے پاس اتنی گنجائش نہیں ہے۔
ن لیگ نے تجویز دی کہ جے یو آئی ف جن نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ مانگ رہی ان کا سروے کروا لیتے ہیں، جبکہ سروے کی تجویز پر جے یو آئی ف نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
ذرائع ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ حتمی فیصلہ تینوں جماعتوں کی مرکزی قیادت کرے گی۔



















