نگران وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں میں باہمی دلچسپی کے امور اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق ہوا جبکہ ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے فرانسیسی سفیر کو معاشی اصلاحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان فرانس کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کے موجودہ پروگرام کا پہلا جائزہ کامیابی سے مکمل کیا، عبوری حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا معاشی اور مالی استحکام لانا ہے۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے مزید کہا کہ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، عبوری حکومت مثبت انداز میں معیشت کو منتخب حکومت کے حوالے کرنا چاہے گی۔
فرانسیسی سفیر نے نگران حکومت کی معاشی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ مالیاتی استحکام نئی آنے والی حکومت کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔



















