Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹانک ؛ دہشت گردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گردوں نے حملہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں واقع پولیس لائنز پر کیا، پولیس کے بہادر جوانوں کی جانب سے دہشتگردوں کے حملے کیخلاف بھرپور مزاحمت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پولیس کی اعانت کے لئے قریبی علاقے میں متعین سیکورٹی فورسز بھی پہنچ گئیں اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے 3 بہادر پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے، وطن عزیز میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی سیکورٹی فورسز ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

متعلقہ خبریں