چیف الیکشن کمشنر نےکہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم آیا ہے آج ہی شیڈول جاری کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آمد پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شیڈول تیار ہے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ الیکشن میں تاخیر ہو سکتی ہے، کل سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا اور آج ہم نے دو رپورٹس بنائی ہوئی تھیں، آج چیف جسٹس سے ملاقات خوش گوار رہی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد کا کوئی بڑا ایشو نہیں ہے، بڑے بڑے برج الٹ گئے، ڈی سی اسلام آباد کے حوالے سے تمام معاملات کو دیکھا گیا ، ہائیکورٹ کے انکار کے بعد بیوروکریسی سے آراوز لیئے، الیکشن کمیشن آج ہی شیڈول جاری کریگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ عملی طور پر آر اوز کی تربیت کے بعد شیڈول جاری ہونا چاہیے، سپریم کورٹ کا حکم آیا ہے تو الیکشن کمیشن آج ہی شیڈول جاری کریگا جبکہ تحریک انصاف کو شیڈول کے بعد لیول پلئینگ فیلڈ دیں گے اور تحریک انصاف کے مقدمات کا فیصلہ میرٹ پر کرتے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی آر او سے متعلق کسی کو اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، الیکشن کمیشن اعتراض پر ریٹرننگ آفیسر کو تبدیل کرسکتا ہے، سپریم کورٹ کے شکر گذار ہیں انہوں نے ہمیں اس مصیبت سے نکالا۔
چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن تو ہونگے،کبھی نہیں کہا الیکشنز نہیں ہونگے، میری بھرپور خواہش ہے کہ سیاسی قیادت مل بیٹھے، سیاسی قیادت مل بیٹھ کر ہی ملکی مسائل حل کرسکتی ہے، تحریک انصاف کا مخالف نہیں ہوں،انہوں نے میری نامزدگی کی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست بھی ناقابل سماعت قرار دے دی۔



















