Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما دانیال عزیز کے پارٹی قیادت سے معاملات طے پا گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما دانیال عزیز کے پارٹی قیادت سے معاملات طے پا گئے۔

تفصیلات کے مطابق دانیال عزیز نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات میں معذرت کر لی جس پر نواز شریف نے دانیال عزیز کے رویہ پر گلہ کیا۔

جمعے کے روز ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس میں دانیال عزیز پارٹی ٹکٹ کے لئے انٹرویو دینے پہنچے تو ان کے ٹکٹ کے لئے این اے 75 سے درخواست ہی موجود نہ تھی۔

دانیال عزیز نے بورڈ کے سامنے موقف اختیار کیا کہ اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے درخواست جمع نہیں کروا سکا جس پر نواز شریف نے کہا کہ دانیال عزیز صاحب میں نے جو میڈیا پر دیکھا اس سے افسوس ہوا، بہتر ہوتا آپ میرے پاس آتے اور کوئی شکوہ تھا تو آکر بات کرتے۔

دانیال عزیز نے نواز شریف سے معاملے پر معذرت کر لی۔

نواز شریف نے کہا کہ احسن اقبال اپنی جوانی سے میرے ساتھی ہیں، ان کی پارٹی اور پاکستان کے لئے بہت خدمات ہیں، اب میں احسن اقبال کی بھی زیادہ تعریف نہیں کرتا کہ انکا بھی دماغ خراب نہ ہو جائے۔

نواز شریف نے دانیال عزیز اور احسن اقبال کے درمیان تنازعہ کو پارٹی سطح پر حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

متعلقہ خبریں