سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اور ان کے بیٹے کی شہادت جرم سے لڑتے ہوئے ہوئی، ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف نے اپنی اور اپنے بیٹے کی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا۔
سابق وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کو بہادری پر پولیس ایوارڈ اور اہل خانہ کو شہداء پیکج دیا جائے، ملک اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اسلام آباد؛ ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف ڈکیتی مذاحمت پر فائرنگ سے بیٹے سمیت شہید
اسلام آباد میں تھانہ رمنا کے علاقے میں اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اپنے بیٹے سمیت ڈکیتی مذاحمت پر فائرنگ سے شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اپنے بیٹے کے ہمراہ جا رہے تھے کہ راہزنوں کو واردات کرتے دیکھا، شہید ہیڈ کانسٹیبل نے راہزنوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے باعٓث اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اپنے بیٹے سمیت شہید ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پورے اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔
شہید کا جسدِخاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں تدفین کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل کے لواحقین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔



















