Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم کا چین میں زلزلے سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس

اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے چین میں شدید زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جاری کردہ بیان میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے صوبہ گانسو میں زلزلے سے قمیتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا۔

انوار الحق کاکڑ نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب چین کے شمال مغربی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے سبب کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور 111 افراد ہلاک ہو گئے۔

یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی جبکہ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی، تاہم زلزلے کی گہرائی 35 کلو میٹر جبکہ مرکز صوبے لانزو کے دارالحکومت سے 102 کلو میٹر دور جنوب مغرب تھا۔

یاد رہے کہ رواں برس اگست میں بھی چین کے مشرقی علاقے میں 5.4 شدت کے زلزلے کے سبب 23 افراد زخمی اور درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔

متعلقہ خبریں