لاہور: پنجاب حکومت نے متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں “الفا الفا” چارے کی کاشت کے لئے فارمر کو بیج مہیا کرنے کے اقدامات اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے لئے “بریڈان سیمی نیشن” کے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب حکومت نے متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ کے لئے ہائی پروٹین “الفاالفا” چارے کی کاشت بڑھانے کے لئے اقدامات کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ہائی پروٹین چارے کو سائنٹیفک طریقے سے خشک کرکے محفوظ کیا جائے گا، تاہم پنجاب میں ڈیزیز فری کمپارٹمنٹ کے قیام کے حوصلے افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ کے لئے مقامی سطح پرجدید ٹیکنالوجی اور مہارت کا استعمال ضروری ہے، مقامی فارمز کو ماڈل فارمنگ تکنیک کی طرف راغب کرنا ہوگا۔
دوران اجلاس نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی پروٹین چارے کی پیداوار بڑھانے کے لئے سرگودھا میں فوڈر ریسرچ سنٹر کو پوری طرح فنکشنل کیا جائے۔ بیف اور مٹن کی ایکسپورٹ بڑھانے کا بھرپور پوٹینشل استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ہائی پروٹین چارے کی ایکسپورٹ پر بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری وائلڈ لائف، سیکرٹری لائیو اسٹاک، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔



















