متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر کے نام تحریری درخواست لکھی جس میں عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے درخواست میں لکھا کہ کاغذات نامزدگی کے لئے دیا گیا تین دن کا وقت بہت کم ہے، 20 سے 22 دسمبر تک کا وقت انتہائی کم ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی فارملیٹیز کی ایک طویل فہرست ہے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی آج سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی امیدوار متعلقہ حلقے کے آر او کے آفس میں جمع کرائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر صبح ساڑھے آٹھ سے شام ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کریں گے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔



















