وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دنیا کے لیے مثال ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ ، شاہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دنیا کے لیے مثال ہیں، شاہ فیصل کے نام پر تعمیر کی گئی مسجد کی تزئین و آرائش میں سعودی عرب کا تعاون قابل قدر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ شاندار منصوبہ ہے ، آئندہ حج میں کراچی کو بھی شامل کیا جائے گا، جدہ نمائش میں پاکستان کے بھی مفادات ہیں ، وزارت داخلہ اس میں بھرپور کردار ادا کرے گی ۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی نے مزید کہا کہ پاسپورٹ اور امیگریشن نے ای پاسپورٹ کا عمل شروع کر دیا ہے،اس حوالے سے نئی مشینیں منگوائی جا رہی ہیں ۔
ملاقات میں سعودی سفیر نے پاکستان میں آئندہ انتخابات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ حال ہی میں امام کعبہ کا دورہ پاکستان بہت اچھا رہا۔



















