مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرےگا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 سالوں سے پی پی کی حکومت اس شہرمیں کوئی کام نہیں کرسکی، آخری کام اس شہر میں ایم کیو ایم نے ہی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو اپنے کام بتا سکتے ہیں، جب ہمارے پاس اقتدار اور اختیار تھا ہم نے اس شہر کو روشنیاں دیں، 15 سالہ دور میں ساری زبانیں بولنے والے اس نتیجے پر پہنچے کہ ایم کیوایم کے علاوہ کوئی جماعت نہیں جوعوام کی خدمت کرے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ این اے242 سے الیکشن فورم جمع کرادیا ہے، پی ایس111سے بھی ہم نے فارم جمع کرایا ہے، سندھ میں22ہزار ارب خرچ کرنے کے دعوےکیےگئے جبکہ کوئی جگہ تو دکھائیں جہاں فنڈز خرچ کیے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ پاکستان کا پسماندہ ترین علاقہ ہے، ہم مل کر کراچی کو تیزی سے ترقی کرنےوالا بنائیں گے ، کراچی ترقی کرےگا تو پاکستان ترقی کرےگا جبکہ پہلے بھی شہر کی خدمت کی اب بھی کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے کی پریشانیوں کو دوسرے امیدواروں سے زیادہ سمجھتے ہیں، کنوینر خالد مقبول کے ہاتھ میں سارے فیصلے ہیں، خالد مقبول جس کو جہاں جہاں سے کہیں گے وہ وہاں سے الیکشن لڑے گا۔



















