Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا افغان حکام سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے افغان حکام سے پاکستان مخالف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے، ہماری توجہ اور مطالبہ ٹی ٹی پی اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہے، افغان حکام اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشت گروں کے خلاف کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے، پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کا خواہاں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، بھارت جنوبی ایشیا کے علاوہ پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، کمانڈر کلبھوشن یادیو، جاسوسی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار ہوا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں توہین رسالت کا قانون کسی کے خلاف امتیازی قانون نہیں ہے، پاکستان اس قانون کا استعمال کسی اقلیت کے خلاف نہیں کرتا، بلا امتیاز کارروائی قانون کے مطابق  کی جاتی ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے امریکہ سمیت تمام ممالک سے رابطے میں رہتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہ ہو۔

ترجمان نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورہ پر امریکہ میں ہیں، انہوں نے اہم ملاقاتیں کی ہیں اور دفاعی معاملات کے فروغ کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ رواں ہفتے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کا ایک روزہ دورہ کیا، انہوں نے کویت کے امیر کے انتقال پر حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے اظہارتعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برونائی کے مابین دو طرفہ مشاورت اور تعاون کا ورچوئل افتتاحی دور منعقد ہوا، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 166 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے، پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے نگران وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سے متعلق خطوط لکھے، انہوں نے خطوط میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں