وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی پٹرولنگ اور سرویلنس نظام کو اپ گریڈ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ڈاکٹرعمرسیف سے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل عبدالسمیع، چیف ایگزیکٹیو ون نیٹ ورک آصف صدیقی نے ملاقات کی۔
ڈاکٹرعمرسیف کو ایف ڈبلیو او کے امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وزارت آئی ٹی موٹر ویز اورہائی ویز پر پٹرولنگ، سرویلنس نظام کو اپ گریڈ کرے گی، محکمہ ایکسائز، پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو ٹولنگ نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ چوری شدہ، موٹر ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کا ڈیٹا فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچے گا، مختلف محکموں کے آپس میں منسلک ہونے سے ایمرجنسی میں ریسپانس ٹائم مزید کم ہوگا۔



















