بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی تمام زبانوں کو پہچانا چاہیے، اس خطے کی تہذیب کو سیکھنا چاہیے جبکہ اردو ہماری قومی زبان ہے اور زبانوں کی جانب بھی دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت کو اپناناچاہیے، ہر ڈسٹرکٹ میں ایک ایسی جگہ ہو جہاں ہم اپنی ثقافت سکھا سکیں، اپنے نوجوانوں کو مثبت طرف لے جانا چاہتے ہیں، اگر نوجوانوں کو مثبت سمت نہیں لے کر گئے تو کرائم بڑھیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، لوگوں کو یہ سمجھانا ہے کہ آپ بھی پاکستانی ہیں میں بھی پاکستانی ہوں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھانا ہے موسمی تبدیلی کے حوالے سے جو خطرات لاحق ہیں، سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کی، معاشرے کو ہمارے تقسیم در تقسیم کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کو سمجھانا پڑےگا کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، ہمیں کسی بھی قسم کی ذاتی دشمنی کو نہیں دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیزیں مشکل ضرور ہیں ناممکن نہیں ہے، ہم سب مل کر تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں، بدقسمتی ہے کہ ہمارے بڑے بڑے لیڈرز قتل کر دیئے گئے، اس ملک کے دانشور جاگ جاتے ہیں تو ترقی سےکوئی نہیں روک سکتا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ تاریخ سے واقف ہو تاکہ ہم پاکستان کو نئی سمت میں لے کر جائیں۔



















