صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے بلوچ مظاہرین کے خلاف پولیس کے غیر مناسب سلوک پر اظہار تشویش کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پولیس کو مظاہرین کے خلاف سختی سے پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گرفتار مظاہرین کو ذاتی مچلکوں پر رہا کر رہے ہیں۔
صدر مملکت سے گورنر بلوچستان کی ملاقات
علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، بلوچ مظاہرین پر پولیس کے تشدد بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ پولیس کو مظاہرین کے ساتھ تحمل اور ہمدردی سے پیش آنا چاہیے، پولیس احتجاج کرنے والوں کو فوری رہا کرے۔
بلوچ مظاہرین کی گرفتاری
یاد رہے کہ جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ خواتین کی قیادت میں گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت پہنچنے والے لانگ مارچ میں شرکا کے خلاف اسلام آباد پولیس نے رات گئے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام بلوچ مظاہرین کو گرفتار کرلیا تھا۔
لانگ مارچ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے مضافات میں پہنچا تھا تاہم اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کو نیشنل پریس کلب تک پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں سمیت اہم راستوں پر ناکہ بندی کر دی تھی۔
اسلام آباد پولیس نے بلوچ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، پولیس نے آپریشن 26 نمبر چونگی اور نیشنل پریس کلب کے باہر کیا، اس دوران مظاہرین کے لگائے گئے ٹینٹ اور ساونڈ سسٹم اکھاڑ دئیے گئے جبکہ پولیسں نے واٹر کنین سے مظاہرین پر پانی بھی پھینکا، سیکٹر ایف سکیس میں آنسو گیس کی شیلنگ سے گھر میں موجود لوگ شدید متاثر ہوئے۔



















