سرگودھا: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سرگودھا سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کے پی پی 80 سرگودھا سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں، سابق ایم این اے مختار احمد بھرتھ۔ ایم پی اے صہیب بھرتھ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
اس حوالے سے مختار احمد بھرتھ نے بتایا کہ مریم نواز شریف سرگودھا کی تحصیل شاہپور کے حلقہ پی پی 80 سے الیکشن لڑیں گی جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف بھی ساہیوال سے ایم این اے کی سیٹ پر الیکشن لڑ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کا سرگودھا سے الیکشن لڑنا سرگودھا کی عوام سے محبت کا ثبوت ہے، سرگودھا کی عوام مریم نواز شریف کو بھاری اکثریت سے جتوا کر میاں نوازشریف کو بطور تحفہ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔
مریم نواز کے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں لاہور کے حلقہ این اے 119، این اے 120، پی پی 159، پی پی 160 اور پی پی165 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز ہے، تاہم عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار آج بھی کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروا رہے ہیں۔
چار روز سے جاری اس عمل کے دوران ملک نامور سیاستدانوں سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور آزاد امیدوارں کی بڑی تعداد کاغذات نامزدگی حاصل کر چکی ہے اور ان میں سے کئی نے جمع بھی کرا دیے ہیں۔
22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں 2 دن کا اضافہ کر دیا تھا، کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیاتھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 24 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں، انتخابی شیڈول میں شامل دیگر سرگرمیاں اپنی مقرر کردہ تاریخوں پر ہوں گی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔



















