سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ ریٹائرڈ جسٹس مقبول باقر نے شہرِ قائد میں صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پابندی کا اطلاق پانی، خوردنی تیل، تعمیراتی سامان، مائع آکسیجن اور گوشت سمیت اشیائے ضروریہ لے جانے والی ہیوی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کے کچھ حصوں کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انہیں حادثات اور ماحولیاتی آلودگی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
شہر میں صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی کے حوالے سے سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس کےعلاوہ کمشنر محمد سلیم راجپوت نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے سی آر پی سی کی دفعہ 144 موجود ہے، جس کے تحت تین مخصوص راستوں کے علاوہ صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سپر ہائی وے، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، ناردرن بائی پاس، گودام چورنگی اور داؤد چورنگی والی سڑک پر ہیوی ٹریفک کی پابندی نہیں ہوگی۔



















