Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات؛ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع

عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

ملکی سیاست کے بڑے نام کہاں کہاں سے الیکشن لڑیں گے؟

تحریک انصاف کے بانی چئیرمین این اے 122لاہور اور این اے 89میانوالی سے میدان میں ہیں، میانوالی میں بانی پی ٹی آئی کا مقابلہ سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ہوگا۔

ن لیگ کے قائد نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130 اور این اے 15 مانسہرہ سے میدان میں ہیں، این اے 130 میں قائد ن لیگ کا مقابلہ تحریک انصاف کی ڈاکٹریاسمین راشدسے ہوگا،سابق وزیراعظم شہبازشریف این اے 123 لاہور اور این اے 89میانوالی سے انتخابی میچ لڑیں گے، این اے 120 اورپی پی 80 سےمریم نواز جبکہ لاہور کےحلقہ این اے 118 سےحمزہ شہباز شریف میدان میں اترے ہیں۔

این اے 194 لاڑکانہ، این اے196قمبر شہداد کوٹ اور این اے 127 لاہور سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جبکہ نواب شاہ کے حلقہ این اے 207 سے شریک چئیرمین آصف زرداری انتخابی دنگل لڑیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی ان کے بیٹے زین قریشی اور بیٹی مہر بانو قریشی این اے 150 ملتان سے انتخابی عمل کاحصہ ہیں،این اے 180کوٹ ادو سے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر انتخابات کا حصہ ہیں۔

کنوینئرایم کیوایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کراچی کےحلقہ این اے 249 اور سربراہ ایم کیوایم این اے 248 اور این اے 250 سےامیدوار ہیں۔

این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان اوراین اے 265 پشین سےسربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان،این اے 6 لوئر دیر سےامیرجماعت اسلامی سراج الحق، این اے 33 نوشہرہ سےپرویزخٹک،امیر حیدر ہوتی این اے 22 مردان اور بیرسٹر گوہر این اے 10 بونیر سے انتخابی نعرہ بلند کرچکے ہیں۔

حلقہ این اے 119 سے استحکام پاکستان پارٹی کےعبد العلیم خان، پی ٹی آئی کے سردار لطیف کھوسہ این اے 122 اور این اے 127 ، سلمان اکرم راجہ اور شفقت محمود  این اے 128 سے اپنے لئے ووٹ مانگیں گے۔

این اے 260 کوئٹہ،پی بی 32 چاغی سے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی انتخابی دنگل میں حصہ لیں گے، این اے 263 سےلشکری رئیسانی، پی ٹی آئی کے قاسم سوری، ن لیگ کے جمال شاہ کاکڑ اور پیپلز پارٹی کے روزی خان کاکڑ میدان میں اترےہیں، این اے 264 میں نوابزدہ جمال رئیسانی اور سردار اختر مینگل کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرائیں گے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے 8 فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں