Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلے کا نشان واپس ملنے پر تحریک انصاف کا ردعمل

 بلے کا نشان واپس ملنے پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے تحریکِ انصاف کو بلے کا نشان واپس کرنے کے حکم پر ترجمان تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے تاریخ ساز اور دور رس نتائج کے حامل فیصلے پر اللہ رب العزّت کے شکرگزار ہیں، پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے کے ذریعے ملک میں دستور کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بقا و تسلسل اور عوام کے حقِ انتخاب کو ٹھوس سہارا فراہم کیا ہے، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف کی ہر لحاظ سے پرامن آئینی، قانونی اور سیاسی جدوجہد کی فتح ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ اپنے قیام سے آج تک تحریک انصاف نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ویژن اور سیاسی فلسفے کی روشنی میں مکمل طور پر پرامن رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھایا ہے، بدترین ریاستی جبر و فسطائیت اور تحریک انصاف کو طاقت کے اندھے استعمال کے ذریعے انتخابات سے باہر کرنے کی کوششوں کا قائدین اور کارکنان نہایت صبر و ضبط اور کمال ثابت قدمی اور قانون پسندی سے سامنا کررہے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کے ناقابلِ تصور سلسلوں اور تہہ در تہہ سازشوں کے بُنے گئے جال کے باوجود مکمل طور پر پرامن رہتے ہوئے آئین، قانون اور جمہوری آداب کے دائرے میں اپنی جدوجہد آگے بڑھا رہے ہیں، تحریک انصاف کسی اشتعال و انتشار کا شکار ہوئے بغیر جمہوریت کے حقِ حاکمیّت، ووٹ کی حرمت اور جمہوریت کے تحفّظ کا فریضہ سرانجام دے گی۔

 ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف سمیت تمام اسیر کارکنان اور قائدین کو انصاف بھی دلوائیں گے اور 8 فروری کو اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک کو انتشار و بحران کی دلدل میں دھکیلنے والوں کے عزائم بھی خاک میں ملائیں گے، قوم تیاری کرے، 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے تاریخ کا پرامن ترین اور بے مثال انقلاب برپا کریں گے اور اہلِ پاکستان کی حقیقی آزادی کو یقینی بناتے ہوئے ملک کو خودداری، خود انحصاری اور خودمختاری کی راہ پر ڈالیں گے، ان شاء اللہ،۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

متعلقہ خبریں