عام انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سرکاری افسران و ملازمین کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سرکاری افسران اور ملازمین کے لیے جاری اپنی ایڈوائزری میں واضح کیا ہے کہ سرکاری افسران و ملازمین کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہوگی۔
جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کی چھٹیاں ریٹرننگ افسران کی اجازت سےمشروط کردی گئیں، ضلعی افسران ڈی آر او سے چھٹیوں کی اجازت کے پابند ہیں۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی سیکرٹریٹ، ڈائریکٹوریٹس افسران پہلے چیف سیکرٹری سے چھٹی منظور کروائیں گے، چھٹیوں کی حتمی منظوری ڈی آر او سے حاصل کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا کہ 19 ویں ویں گریڈ تک کے وفاقی سرکاری ملازمین ڈی آر او سے چھٹی منظور کروائیں گے جبکہ گریڈ 20 اور اوپر کے افسران کو الیکشن کمیشن سے چھٹی کی منظوری لینا ہو گی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔



















