Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ (ن) نے ایک اور جمہوری و انتخابی سنگ میل کامیابی سے عبور کر لیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک اور جمہوری و انتخابی سنگ میل کامیابی سے عبور کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے 2 دسمبر 2023 سے شروع ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ آج مکمل ہو گیا ہے جس کے دوران ملک بھر سے 2300 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے۔

پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ نے طویل نشستوں پر مشتمل اس جمہوری مشق کو انجام دیا، یہ عمل تقریبا 184 گھنٹے پر محیط تھا جس میں مرد وخواتین تمام امیدواروں کو بڑی تسلی سے سنا گیا اور ان کی سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد جماعت ہے جو مشاورت کے اتنے بڑے، وسیع اور جامع عمل سے گزری، پارلیمانی بورڈ جلد ہی اپنے حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

متعلقہ خبریں