باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ کے علاقے بٹوار میں افغانستان کی جانب سے شمالی وزیرستان میں سپن وام کے مقام پر پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا گیا تاہم پاک فوج نے دہشتگردوں کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بین الاقوامی سرحد پار کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے ہتھیار اور دیگر بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 31 سالہ نائیک عبدالرؤف شہید ہوگئے،جن کا تعلق رحیم یار خان سے تھا، شہید نائیک عبدالرؤف نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے اس کی جانب بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کر رہا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے روکے گی۔



















