سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی کیلئے منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں روک لیا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا۔



















