آرٹن کیپیٹل کی جانب سے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کا نام سرفہرست رہا۔
یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا لیے بغیر 180 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔
یو اے ای کے بعد جرمنی، اسپین، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے ان ممالک کے شہریوں کو 178ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
سوئیڈن، فن لینڈ، لگسمبرگ، آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 177ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔
ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، پولینڈ، آئرلینڈ اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس پر 176ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرنا ممکن ہے اور یہ فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔
5واں نمبر مشترکہ طور پرسنگاپور، یونان، چیک ریپبلک، برطانیہ، ہنگری، جاپان اور نیوزی لینڈ کے نام رہا جن کے شہری 175ممالک میں پاسپورٹ دکھا کر ویزے کے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا 5واں ملک قرار پایا جو مجموعی طور پر 94ویں نمبر پر موجود ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ پر 47 ممالک میں ویزا فری سفر یا ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے۔
پاکستان سے نیچے صومالیہ (95ویں نمبر پر)، عراق (96ویں نمبر پر)افغانستان (97ویں نمبر پر)اور شام (98ویں نمبر پر)موجود ہیں۔
اس کے علاوہ یمن (93ویں)، بنگلا دیش (92ویں)،لیبیا اور فلسطین (91ویں)، سوڈان، اریٹریا اور ایران (90ویں نمبر پر)پاکستان کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور پاسپورٹ قرار پائے گئے۔



















