نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان بہادر کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر انوار الحق کاکڑ نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام اپنے بنیادی حق کا استعمال نہیں کر سکے، بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں پر ظلم و ستم جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے، بھارت ایک شیطانی مشق میں مصروف ہے، جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کے ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنا اور کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انکار کی جانب ایک اور قدم ہے، ملکی قانون سازی اور انجینئرڈ عدالتی فیصلوں کے ذریعے کشمیریوں کی حقیقی امنگوں کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق سمیت ان کے حقوق کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا استعمال کریں۔



















