اسلام آباد: پاکستان میں شرحِ خواندگی سے متعلق رپورٹ سینیٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں 10 سال سے زائد عمر افراد کی شرح خواندگی سے متعلق معاشی سروے برائے 2022 تا 2023 سینیٹ اجلاس میں پیش کردیا گیا ہے۔
وزارت تعلیم نے سینیٹ میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب بتایا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر شرح خواندگی 62 عشاریہ 8 فیصد ہے جبکہ صوبوں میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 54 عشاریہ 5 فیصد ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ پنجاب میں شرح خواندگی صوبوں میں سب سے زیادہ 66 عشاریہ 3 فیصد، سندھ میں 61 عشاریہ 8 فیصد اور خیبرپختونخوا میں شرح خواندگی 55 عشاریہ 1 فیصد ہے۔
وزارت تعلیم نے بتایا کہ ملک بھر میں خواتین کی شرح خواندگی 51 عشاریہ 9 فیصد رہی جبکہ مردوں کی شرح خواندگی خواتین سے زیادہ 73 عشاریہ 4 فیصد رہی۔
اس کے علاوہ خواتین میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 36 عشاریہ 8 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 37 عشاریہ 4 فیصد رہی۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ سندھ میں خواتین کی شرح خواندگی 49 عشاریہ 7 فیصد اور پنجاب میں خواتین کی شرح خواندگی 58 عشاریہ 4 فیصد رہی۔



















