وزیر تجارت وصنعت اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر گوہر اعجاز کی یو اے ای کے وزیر تجارت سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر تجارت وصنعت اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر گوہر اعجاز اور متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے تجارت ڈاکٹر ثانی احمد الزیودی کے درمیان ابوظہبی میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اہم ملاقات ہوئی۔
بات چیت میں دو طرفہ تجارتی حجم کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور پاکستان کے سروس اور لاجسٹکس کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے لیے مواقعوں کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی گئی؛ ان میں بندرگاہوں کی تعمیر، لاجسٹکس کے مراکز، ہوائی اڈوں کی سہولیات، شپنگ اور کارگو خدمات کی توسیع اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
دونوں وزراء نے طریقہ کار کو ہموار کرنے اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنانے کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات کا اعتراف کیا، جس سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مواقع کے بارے میں پرجوش ہیں، ایک متحرک اور مربوط مستقبل کے لیے ہمارا مشترکہ وژن باہمی فائدہ مند سرمایہ کاری اور تجارتی اقدامات کی راہ ہموار کرتا ہے۔
یہ ملاقات پاک-امارات اقتصادی شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے؛ انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجیز اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے کر، دونوں ممالک کا مقصد پائیدار ترقی حاصل کرنا اور عالمی منڈی میں اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔



















