Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن سے اہم خبر آ گئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے انتہائی اہم خبر آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہین عدالت کے کیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت پی ٹی آئی کی درخواست جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسترد کرے۔

جواب میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کرکے بلاتفریق لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 26 دسمبر تک تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر اقدامات اور ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کر دی گئیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکرٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں، تحریک انصاف کے 76.18 فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے لہذا تحریک انصاف کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات درست نہیں۔

متعلقہ خبریں