Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: وفاقی سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے عام انتخابات سے قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے طبیعت ناسازی کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عمر حمید خان نے مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمر حمید خان کے استعفے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی صحت خراب تھی، اس سے قبل بھی سیکریٹری الیکشن کمیشن میڈیکل ریسٹ پر تھے، صحت نے اجازت دی تو عمر حمید خان جلد اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں، الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، کمیشن کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، سیکریٹری کی غیر موجودگی میں کمیشن کے دونوں اسپیشل سیکرٹری احسن طریقے سے کام چلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں۔

بعدازاں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں