نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین نے باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ نگران وزیر اعلیٰ کے پی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
سید ارشد حسین نے کہا کہ بزدلانہ واقعات سے پولیس کےحوصلے پست نہیں ہونگے، عوام کی جان ومال کےتحفظ کے لئےخیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام اور حکومت پولیس کی ان قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
باجوڑ؛ پولیس وین پربم حملہ، پانچ اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع باجوڑ میں پولیس ٹرک پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو سیکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس ٹرک کے نزدیک دھماکا ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ چوبیس زخمی ہوئے ہیں جن میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں حبیب الرحیم، مناسب خان، محمد رؤوف، خان محمد، علی رحمان شامل ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، خار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔



















