بانی پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات 2024 سے مکمل طور پر آؤٹ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی لاہور کے حلقہ این اے 122 اور میانوالی کے حلقہ 89 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں مسترد ہوگئی ہیں جس کے بعد وہ عام انتخابات 2024 میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ایپلیٹ ٹریبونل کے جسٹس طارق ندیم نے منگل کے روز بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 میں کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کی اور سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے وکیل رمضان چوہدری کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر اعتراض کیا گیا تھا۔
بدھ کے روز ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی اپیل خارج کردی ہے جس کے بعد سابق وزیر اعظم لاہور کے حلقہ سے الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔
بعدازاں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی میانوالی کے حلقہ این اے 89 سے متعلق کی جانے والی اپیل بھی مسترد کر دی گئی جس کے باعث وہ اپنے آبائی حلقے سے بھی الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔
الیکشن ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیر نے اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔



















