اسلام آباد: بیرسٹر گوہر خان کے گھر پر پولیس کے چھاپے مارے جانے کے معاملے پر ایس ایچ او مارگلہ سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کے گھر پولیس کے جانے پر انکوائری کے معاملے پر ترجمان اسلام آباد پولیس کا اہم بیان سامنے آ گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر کے گھر مقامی پولیس جانے پر انکوائری عمل میں لائی گئی ہے، 13 جنوری کو پولیس اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں ایف7/2 پہنچی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کا گھر معلوم ہونے پر پولیس فوری واپس آگئی، انہوں نے سپریم کورٹ میں گھر پولیس جانے کی شکایت کی۔
ترجمان کے مطابق چیف جسٹس نے سٹی پولیس آفیسر کو طلب کر کے تحقیق کا حکم جاری کیا، عدالت نے آئی سی سی پی او کو ذاتی طور پر شکایت سننے کی ہدایت کی۔
اس حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصرخان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو محکمانہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی اور تفصیلی رپورٹ 3 دن میں جمع کروانے کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے مزید بتایا کہ 5 افسران بشمول ایس ایچ اومارگلہ کو تاحکم ثانی معطل کردیا گیا، خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔



















