پاکستان اور دبئی کے مابین 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں پاکستان کی طرف سے وزیر شاہد اشرف تارڑ اور دبئی کی طرف سے چیئرمین پورٹس سلطان احمد بن سلیم نے ڈیووس میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے میں ریلوے، اقتصادی زون اور انفرااسٹرکچر میں تعاون قرار پایا گیا جبکہ فریٹ کاریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور فریٹ ٹرمینلز کا قیام بھی معاہدے میں شامل ہے۔
اس موقع پر نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون کے منصوبوں سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز اور پورٹ قاسم اتھارٹی جبکہ دبئی کی طرف سے ڈی پی ورلڈ کام کریں گے، منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک میں بہتری اور لاجسٹک اخراجات میں کمی ہو گی۔
شاہد اشرف تارڑ نے مزید کہا کہ ڈی پی ورلڈ پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ اقتصادی زون کو بھی ترقی دے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پورٹس سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک مستقبل میں مستفید ہوں گے۔



















